ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی حکومت نے نوجوانوں کا مستقبل تباہ و برباد کر دیا: راہل گاندھی

مودی حکومت نے نوجوانوں کا مستقبل تباہ و برباد کر دیا: راہل گاندھی

Thu, 10 Sep 2020 21:10:14    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) حکومت کی ناقص پالیسیوں اور معیشت کے زوال پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی طرف سے مودی حکومت پر حملہ کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ جمعرات کے روز راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ و برباد کر دیا ہے۔ راہل نے کانگریس کی #SpeakUP (آواز اٹھاؤ) مہم کے تحت ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں کروڑوں روزگار ختم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’’مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں کروڑوں ملازمتیں ختم ہوگئیں، جبکہ جی ڈی پی میں تاریخی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس نے ہندوستانی نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ آئیے ہم حکومت کو اپنی آواز سناتے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی مرکزی حکومت پر مسلسل حملہ کر رہے ہیں اور بدھ کے روز انہوں نے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے حوالے سے بھی حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے لاک ڈاؤن پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اچانک لاک ڈاؤن ملک کے غیر منظم طبقے کے لئے سزائے موت ثابت ہوا ہے۔

راہل نے کہا تھا کہ ’’مودی حکومت نے کورونا کے نام پر جو کیا وہ غیر منظم شعبے پر تیسرا حملہ تھا کیونکہ غریب لوگ روزانہ کماتے ہیں اور روزانہ کھاتے ہیں۔ چھوٹے اور متوسط کاروباریوں کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔ آپ نے بغیر اطلاع کے لاک ڈاؤن کر کے ان سبھی پر حملہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 21 دن تک لڑائی ہوگی، غیر منظم شعبے کی ریڑھ کی ہڈی 21 دن میں ہی ٹوٹ گئی۔‘‘


Share: